ماہرہ خان 17

ماہرہ خان کی غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت، ایک لاکھ چار ہزار پاؤنڈ جمع

لندن (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ایک بار پھر سماجی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں غزہ کے متاثرین کے لیے منعقدہ ایک خیراتی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔

یہ تقریب وسطی لندن کے ’لندن میریٹ ہوٹل گروسوینر سکوائر‘ میں منعقد ہوئی، جس میں برطانوی پاکستانی برادری، مخیر حضرات اور فلسطینی عوام کے حامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام ہارون رشید نے غیر سرکاری تنظیم فورگاٹن ویمن کے تعاون سے کیا، جس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈ جمع کرنا تھا۔

تقریب میں ماہرہ خان کی شرکت توجہ کا مرکز بنی، سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں وہ شرکا سے ملاقات، مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور امدادی مہم کی حمایت کرتی دکھائی دیں۔

رپورٹس کے مطابق اس خیراتی تقریب کے دوران تقریباً ایک لاکھ چار ہزار برطانوی پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو غزہ میں جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔

چند ہفتے قبل بھی ماہرہ خان نے برٹش ایشین ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں پاکستان کی سفیر کے طور پر شرکت کی تھی، جہاں ان کی ملاقات برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سے ہوئی تھی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان کی اس سماجی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ بااثر شخصیات کی ایسی سرگرمیاں نہ صرف امدادی مہمات کو تقویت دیتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے عوام کو بھی متحرک کرتی ہیں۔

غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں اس نوعیت کی تقریبات عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور متاثرہ افراد کے لیے وسائل فراہم کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ سمجھی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں