پنجاب سپورٹس بورڈ

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب سپورٹس بورڈکی ای لائبریریز کے ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے خلاف درخواست پر جواب طلب کرلیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں پنجاب سپورٹس بورڈ کی ای لائبریریز کے ملازمین کو مستقل نہ کرنے کا اقدام کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب سپورٹس بورڈ سے 3 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ملازمین کی مستقلی کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزاروں کی طرف سے صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سپورٹس بورڈ نے صوبے کے 36 اضلاع میں ای لائبریریز قائم کیں،اور ای لائبریریز کے لیے صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے بلڈنگز بنائی گئیں، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ای لائبریریز کے لیے تمام اضلاع میں گریڈ ایک سے اٹھارہ تک ملازمین بھرتی کئے گئے،

اب حکومت نے صرف چار بڑے افسران کو مستقل کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ دیگر تمام افسران اور ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مستقل پراجیکٹ کے ملازمین کو مستقل نہ کرنا خلاف قانون ہے، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعاکی کہ عدالت مستقل پراجیکٹ کے تمام ملازمین کو ریگولر کرنے کا حکم دے۔