لاہور ہائی کورٹ 22

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف کی اراضی واگزار کروانے کے کیس میں ریونیو ریکارڈ کی فائل طلب کرلی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف کی اراضی واگزار کروانے کے کیس میں ریونیو ریکارڈ کی فائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدرنے سیکرٹری اوقاف اورچیف ایڈمنسٹریٹرز کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد ادریس رفیق بھٹی کے ہمراہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ سول کورٹ میں زیرالتوا ء ہے؟۔ وکیل نے بتایاکہ سول کورٹ میں کیسز زیرِسماعت ہیں۔ جس پر جسٹس فاروق حیدرنے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ سول کورٹ کا آرڈر پہلے ہی معطل کرچکی ہے۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ یہ وہ اراضی نہیں بلکہ اس پراینٹی کرپشن کورٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اینٹی کرپشن کا مقدمہ الگ نوعیت کا ہے اوراس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز سے استفسارکیاکہ اگرمحکمہ اوقاف اپنی اراضی واگزار کروانے کیلئے پولیس سے مدد طلب کرے تو کیا اقدام ہوگا؟۔ جس پر ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس مکمل تعاون کرے گی۔ عدالت نے ریونیو ریکارڈ کی فائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں