لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست نمٹا دی۔ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت حکومت کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف اینٹی کرپشن میں ایک اور پنجاب پولیس میں 12ایف آئی آرز کا اندراج ہے، سائبر کرائم یونٹ میں بشری بی بی کے خلاف کوئی کیس نہیں۔لاہور ہائی کورٹ نے رپورٹس کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔22 جولائی کو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔