حمزہ شہباز

لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کی وزیراعلی پنجاب کی حلف برداری کیلئے درخواست دائر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب کی حلف برداری کی درخواست میں حمزہ شہبازکی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست اعظم نذیرتارڑ ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔وکیل درخواست گزارحمزہ شہباز نے مو¿قف اپنایا کہ عثمان بزدار کا استعفی یکم اپریل سے منظورہو چکا اور وزیراعلی کا دفترتب سے خالی ہے۔ گورنر کا منتخب وزیراعلی کو حلف کیلئے بلانا آئینی روایت ہے۔ ایڈووکیٹ اعظم نذیرتارڑ نے مو¿قف پیش کیا کہ آئینی روایات کی خلاف ورزی درحقیقت آئین سے انحراف ہے۔ آئینی بحران پیدا کیا جا رہا ہے جو پارلیمانی جمہوریت اور آئین کی رو کیخلاف ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ گورنر آفس وفاق اور اتحاد کی علامت ہے اور گورنر کا کام آئین کا تحفظ ہے۔ تحریری آئین میں گورنر کو بادشاہ کی طرح کے اختیارات حاصل نہیں ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ گورنر پنجاب کا درخواست گزار سے حلف نہ لینا سیاسی شعبدہ بازی اور بدنیتی ہے۔

صدر، اسپیکر اور گورنر کے آفس کا کام پارٹی کی پالیسیز کو اختیار کرنا نہیں ہے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف دیا کہ حلف نہیں لیا جا رہا اس لیے درخواست گزار کے پاس آئینی درخواست دائر کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ گورنر پنجاب کو بلاتاخیر حمزہ شہباز سے وزیر اعلی پنجاب کا حلف لینے کا حکم دیا جائے۔