لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ ،ڈی سی منڈی بہاالدین اوراسسٹنٹ کمشنرکی سزا معطل، فریقین کونوٹسز جاری، جواب طلب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے صارف عدالت کے جج کی جانب سے ڈپٹی کمشنر منڈی بہاالدین اوراسسٹنٹ کمشنر کو3 ماہ قید کی سزا کو معطل کردیا۔

صارف عدالت کے جج کی جانب سے ڈی سی منڈی بہاالدین کوسزا دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ ڈی سی منڈی بہاالدین کوقانون سے ہٹ کرسزا سنائی گئی۔

درخواست گزارکے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ فاضل جج کابغیرٹرائل سزا دینے کا اختیار نہیں ہے اورفاضل جج 2 ہزار روپے تک جرمانہ یا ایک ماہ قید کی سزا دے سکتا تھا۔

عدالت نے صارف عدالت کے جج کی جانب سے 3 ماہ قید کی سزا کو معطل کردیا۔عدالت نے کاروائی کرتے ہوئے فریقین کونوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔صارف عدالت منڈی بہاالدین کے جج نے ڈی سی کو توہین عدالت کیس میں 3 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔