تہران () ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ لامرد حملے کے اثرات شہر کی دیواروں اور سڑکوں کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ذہنوں پر بھی موجود ہیں، لاک ہیڈ مارٹن کے 4 کلسٹر میزائلوں نے 20 سے زائد ایرانی شہری شہید کیے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ میزائلوں میں ایک لاکھ 80 ہزار تک دھاتی ٹکڑے موجود تھے، امریکا نے یہ میزائل پہلی بار لامرد میں استعمال کیے، حملے میں 180 ایرانی شہری میزائلوں کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ چھ ماہ گزرنے کے باوجود متعدد بچے اور افراد معذوری اور شدید تکلیف سے دوچار ہیں، کچھ بچوں کے جسموں میں پری ایس ایم میزائلوں کے ٹنگسٹن کے ذرات اب بھی موجود ہیں، لامرد کے عوام کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہر شہادت و نقصان کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا، ایران ان شواہد کو عالمی فورمز پر انصاف کے حصول کے لیے پیش کرے گا، حملے کے ذمہ داروں، کمانڈروں اور معاونین کے احتساب کے لیے یہ شواہد استعمال کریں گے۔









