اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)معرکہ حق سے متعلق قوم کو مبارکباد کی متفقہ قرار داد قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی۔ معرکہ حق کی قراداد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ دشمن خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک اور خطے میں استحکام چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کا پیغام دیا ہے، ہم دنیا میں امن کے قیام کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے حقوق کیلئے پاکستان کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا، وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کے دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔









