فیصل قریشی 23

فیصل قریشی کی نئی ویڈیو دیکھ کر مداح تشویش میں مبتلا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار اور میزبان فیصل قریشی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک حالیہ ویڈیو نے ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس میں وہ شدید ذہنی دبا اور جذباتی کیفیت میں نظر آئے۔تنازعات سے دور رہنے والے اداکار فیصل قریشی ہمیشہ سماجی اور قومی فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں۔

انہیں حال ہی میں اپنے قریبی دوست اور اداکار اعجاز اسلم کے ہمراہ ایک نجی دورے پر کینیڈا روانہ ہونا تھا، تاہم عین وقت پر فیصل قریشی نے کینیڈا جانے سے معذرت کردی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں فیصل قریشی نے جذباتی انداز میں مداحوں کو بتایا کہ وہ بعض ناگزیر ذاتی وجوہات کے باعث اس سفر میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ گھر سے متعلق ایک اہم ذمہ داری کی وجہ سے انہیں یہ منصوبہ منسوخ کرنا پڑا،جس کے لیے وہ انتہائی پرجوش تھے۔ویڈیو کے دوران فیصل قریشی کی سنجیدہ کیفیت نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اداکار خاصے پریشان دکھائی دے رہے تھے اور ان کے تاثرات سے محسوس ہو رہا تھا کہ وہ کسی ذہنی دبا کا سامنا کر رہے ہیں۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے مختلف اندازوں کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے خیال ظاہر کیا کہ شاید کوئی اہم ذاتی مسئلہ درپیش ہے، جبکہ کئی مداحوں نے ان کی صحت اور خاندانی معاملات کے حوالے سے فکر مندی کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد اپنی معمول کی مصروفیات میں واپس آئیں گے۔فیصل قریشی کی اس ویڈیو نے مداحوں میں کئی سوالات جنم دیے ہیں، تاہم بیشتر لوگ ان کے لیے نیک خواہشات اور حمایت کا پیغام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں