کراچی (رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکارہ فائزہ حسن نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں فنکاروں کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنانے والوں کے عمل کو افسوسناک اور نقصان دہ قرار دیا ہے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں فائزہ حسن نے کہا کہ حالیہ چند دنوں میں شوبز ستاروں کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس عمل میں خود ہماری برادری کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں۔اداکارہ فائزہ حسن نے کہا کہ فنکاروں کی حب الوطنی بھی عام شہریوں کی وطن سے محبت کی طرح کسی بھی شک اور شبے سے بالاتر ہے۔
فائزہ حسن نے کہا کہ ہر فنکار اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتا ہے وہ ملکی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرتا ہے، پھر چاہے وہ ٹیکس کی ادائیگی ہو یا بین الااقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ہو۔ادکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی اداکار بیرون ملک جا کر کام کرتا ہے تو یہ اس کی پیشہ ورانہ مجبوری یا ذاتی انتخاب ہے۔ اس پر اس کی حب الوطنی پر سوال اٹھانا مناسب نہیں ہے۔فائزہ حسن نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دور میں سوشل میڈیا پر کافی فنکاروں نے وطن سے محبت کا اظہار کیا لیکن کچھ نے خاموشی بھی اختیار کی۔
یہ دونوں رویے قابل احترام ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے ملک کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹ نہیں کی تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں اسے ملک سے محبت نہیں ہے۔فائزہ حسن نے کہا کہ ایسے فنکاروں کے جذبہ حب الوطنی پر شک کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے اور ایسا بی جے پی جیسے انتہاپسند لوگ کرتے ہیں۔