میگھا 65

فلم سٹی اتھارٹی زوال پذیر انڈسٹری کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گی ‘ میگھا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور گلوکارہ میگھا نے کہا ہے کہ پنجاب فلم سٹی اتھارٹی زوال پذیر فلم انڈسٹری کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گی ،اگر پالیسی کا تسلسل رہا تو آنے والے سالوں میں ہماری فلم انڈسٹری دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی نظر آئے گی ۔ ایک انٹر ویو میں میگھا نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ فلم انڈسٹری کے زوال کے باعث موسیقی سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے لیکن پنجاب حکومت کے حالیہ اقدامات سے امید کی کرن پید اہوئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ان شا اللہ بہت جلد پاکستانی فلم انڈسٹری ایک بار پھر عروج حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے مختلف ممالک سے جوائنٹ ونچر بھی کیا جائے تاکہ ہماری فلمیں دوسرے ممالک میں بھی ان کی زبانوں میں پیش کی جا سکیں جس کے دوررس نتائج ہوں گے ۔ میگھا نے کہا کہ ماضی کے نامور رائٹرز، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو دوبارہ میدان میں واپس لانے کے ساتھ ساتھ نئے لوگوں کو بھی مواقع ملنے چاہئیں تاکہ فلم انڈسٹری کو آنے والے سالوں میں نئی کھیپ میسر آسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں