پرویز الہٰی 38

غیرقانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اینٹی کرپشن عدالت نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی، محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

اس کے علاوہ عدالت نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف مقدمے کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں