لاہور(رپورٹنگ آن لائن)عیدالفطر کے موقع پر جنرل ہسپتال کے طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کھانے پینے میں اعتدال اختیار کریں اور صحت مند طرزِ زندگی کو اپنائیں۔ ماہرین کے مطابق رمضان المبارک کے دوران جسم ایک خاص غذائی معمول کا عادی ہو جاتا ہے، اس لیے عید پر اچانک مرغن اور بھاری غذاؤں کا زیادہ استعمال نظامِ انہضام کو متاثر کر سکتا ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود اور کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے کہا ہے کہ مٹھائیوں اور چکنائی سے بھرپور اشیاء کا زیادہ استعمال بدہضمی، تیزابیت اور دیگر طبی مسائل کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دل کے امراض، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد کیلئے بے احتیاطی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے حاملہ خواتین کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ متوازن غذا کا استعمال کریں اور زیادہ میٹھا کھانے سے گریز کریں کیونکہ یہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے پانی کے زیادہ استعمال، سادہ غذا اور مناسب آرام پر زور دیا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید کی اصل خوشی صحت مند رہنے میں ہے، لہٰذا شہری اعتدال، احتیاط اور چہل قدمی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی جا سکیں۔









