لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عید پر پردیسیوں سے اوور چارجنگ نہ کی جائے، ہلڑبازی اور ویلنگ پر سخت کارروائی ہوگی۔
لاہور میں صوبائی وزیر بلال یاسین کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ہر چیز ریکارڈ ہو رہی ہوتی ہے، بھارت نے پاکستان میں کئی بار دہشتگردی کی کارروائیاں کیں، ہم اپنے شہدا کے لہو کا قرض ضرور اتاریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جعفرایکسپریس واقعہ میں سیکڑوں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، تاہم پاکستان کی سکیورٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، دشمن کے پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا گیا، آئندہ کی گارنٹی نہیں ہے۔
صوبائی وزیرعظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں کے دل میں دہشتگردوں کیلئے بہت ہمدردی اٹھتی ہے، امن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائیں گے۔
نیوز کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگردی کا حالیہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت کی تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے عملے کی عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ صفائی کے انتظامات متاثر نہ ہوں، پارکوں میں جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی، صفائی اور شہری سہولیات کے مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزرا بلال یاسین نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام دنیا کا نمبرون پروگرام بن چکا ہے، مریم نوازکی ہدایت ہے ہرسال ایک لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کریں، مریم نواز روزانہ کی بنیاد پرعوامی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ستھراپنجاب کے لاکھوں ورکرزصفائی کا کام انجام دے رہے ہیں، تاہم اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے ذریعے لوگوں کی زندگی تبدیل ہورہی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کو باکو میں پذیرائی ملی، مریم نواز نے وہ اقدامات اُٹھائے جن کی مثال آئندہ دی جاتی رہے گی، بھارتی پراکسی میں صرف افغانستان نہیں اوربھی عوام شامل ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ غیررجسٹرڈ افغانیوں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دشمن کی مختلف پراکسیز کام کررہی ہیں، پنجاب سے اب تک ہزاروں افغان خاندانوں کا انخلا کرایا جا چکا ہے، تاہم پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام آن ٹریک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کومون سون سے پہلے مکمل کرنا ہے، دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی، سیف سٹی پروجیکٹ پورے صوبے میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 16 شہروں میں ماضی میں اربن فلڈنگ کے مسائل درپیش تھے، تاہم اب 25 انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کو مون سون سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم پنجاب کی تاریخ میں اس نوعیت کے ترقیاتی کام پہلے کبھی نہیں ہوئے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے لیے 30 ہزار سے زائد مقامات نمازِ عید کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے، نمازِ عید کے دوران حساس مقامات پر اضافی اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو قربانی کی آلائشیں تلف کرنے کے لیے گھر گھر بیگز فراہم کیے جائیں گے اور عید کے دنوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تاہم مویشی منڈیوں کی نگرانی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ سکیورٹی اور انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
بلال یاسین نے مزید کہا کہ ” اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور مریم نواز نے باکو میں ورلڈ اربن فورم میں بطور سٹیٹ گیسٹ شرکت کر کے پاکستان کی نمائندگی کی۔









