حلیم عادل شیخ 37

عیدالاضحی سے قبل قربانی منڈیوں میں لوٹ مار تشویشناک، اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کی جائے: حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تاجروں کو دوبارہ بھتے کی پرچیاں موصول ہونا ایک خطرناک اشارہ ہے، جو کراچی کے امن کو خراب کرنے کی منظم سازش کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کراچی میں تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، جبکہ کراچی کے تاجر ملک اور سندھ کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملک کا بڑا ریونیو کراچی سے حاصل ہوتا ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بھتہ خور عناصر ایک بار پھر کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف سندھ تاجر برادری کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھتہ خوروں کے خلاف فوری، منظم اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کراچی کے تاجروں کو مکمل سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، جبکہ عیدالاضحی سے قبل قربانی کی منڈیوں میں لوٹ مار کے بڑھتے واقعات نہایت تشویشناک ہیں۔ شہری قربانی کے جانور خریدنے جاتے ہیں مگر انہیں ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، قربانی منڈیوں، بازاروں اور تجارتی مراکز پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری اور تاجر خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، لہذا حکومت فوری نوٹس لے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں