ملک محمد احمد خان 16

عوام کی خدمت اور جدید سہولیات کی فراہمی ہماری سیاست کا محور ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان

خالق نگر(رپورٹنگ آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے گزشتہ روز نشتر کالونی بلال پارک کا دورہ کیا اور وہاں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خصوصی خطاب کیا۔ بلال پارک آمد پر اہل علاقہ، معززین اور سیاسی کارکنوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا فقید المثال استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

عوام نے سپیکرپنجاب اسمبلی کے حق میں نعرے بازی کی اور خطے کی ترقی کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔نشترکالونی میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے انٹرنیٹ آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ، جس کا مقصد علاقے کے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو جدید ترین تکنیکی اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔ان کے ہمراہ سیدعبدالرحمن شاہ کاظمی،ڈاکٹرہمایوں،شاہ جہاں ودیگر بھی تھے،بعد ازاں، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے تقریب کے دوران ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے واشگاف الفاظ میں اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ خطے کی پسماندگی دور کرنے اور شہریوں کو دورِ حاضر کی تمام جدید سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ آفس کا قیام نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے، فری لانسنگ کو فروغ دینے اور آن لائن روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کڑی ہے۔ سپیکر نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کا ہر لمحہ عوامی خدمت اورعوامی ترقی کے لیے وقف رہے گا۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں جدید ترین بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی سیاست کا بنیادی محور ہے۔اس سے قبل، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کپس کالج فیروز پور روڈ کیمپس کے ڈائریکٹر فیاض احمد رانا کی خصوصی دعوت پر کچھ وقت کے لیے کپس کالج بھی گئے، جہاں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ آمد پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو خوبصورت گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ملک محمد احمد خان نے کپس کالج کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور نوجوانوں کی جدید خطوط پر تعلیم و تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

اس موقع پر ملک محمد احمد خان سے کپس کالج میں صحافیوں، اینکر پرسنز اور کالم نگاروں کے وفد نے بھی خصوصی ملاقات کی۔ وفد میں ممتاز صحافی و کالم نگار ایم اے تبسم، خالد مسعود، شاہد حسین، اقبال نیازی اور معروف اینکر پرسن حیدر مرتضیٰ سمیت دیگر میڈیا نمائندے شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کے موجودہ سیاسی و آئینی حالات، پنجاب اسمبلی کی کارکردگی اور صوبے میں جاری ترقیاتی و تعلیمی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آزادیِ صحافت اور ملک کی ترقی میں میڈیا کے مثبت کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں