منعم ظفر خان 17

عوام خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں، پیٹرولیم لیوی واپس لی جائے، منعم ظفر

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ عوام حکومت سے خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں، پیٹرولیم لیوی کے نام پر عائد بھتہ ٹیکس کا ظالمانہ بوجھ واپس لیا جائے، حکمران عوام کو مزید نچوڑنے کے بجائے اپنی مراعات اور شاہانہ اخراجات میں کمی کریں۔ جماعت اسلامی کے دھرنے جاری رہیں گے جبکہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی تیاریاں بھی جاری ہیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی برقرار رہے گا۔

گورنر ہاؤس کے باہر پیٹرولیم لیوی اور آزاد بجلی گھروں کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جاری دھرنے کے 28ویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی اب ملک کا ایک اہم عوامی مسئلہ بن چکی ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 3 ہزار 137 ارب روپے وصول کیے، جبکہ تنخواہ دار طبقے سے 700 ارب اور بڑے جاگیرداروں سے صرف 10 ارب روپے وصول کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکمران مفت پیٹرول، مفت بجلی اور دیگر مراعات حاصل کررہے ہیں، انہیں عوام کے مسائل کا احساس کرنا ہوگا۔ 10 فروری سے 10 ستمبر کے دوران بھارت میں ڈیزل کی قیمت میں 9 فیصد اور بنگلہ دیش میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پاکستان میں ڈیزل کی قیمت 41 فیصد بڑھا دی گئی، جو عوام پر مسلسل مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا ثبوت ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے صرف کراچی نہیں بلکہ ملک بھر میں جاری ہیں، جن کا مقصد عوام کو پیٹرولیم لیوی کے ناجائز بوجھ سے نجات دلانا اور آزاد بجلی گھروں کے معاہدوں میں عوامی مفادات کا تحفظ ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا ہے، جس کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور کراچی سمیت ملک بھر سے عوام شرکت کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے ذریعے وزیراعظم کا پیغام موصول ہوا ہے کہ منگل کو پیٹرولیم لیوی جبکہ بدھ سے آزاد بجلی گھروں کے معاملے پر مذاکرات ہوں گے۔ جماعت اسلامی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور امید ہے کہ عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں عملی فیصلے کیے جائیں گے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ عوام مزید مہنگی بجلی اور ناجائز بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

جماعت اسلامی کسی فرد یا جماعت کے مفاد کیلئے نہیں بلکہ عام شہری کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ حقیقی ریلیف ملنے تک پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور آزاد بجلی گھروں کے مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اور ذرائع ابلاغ عوام کے اس اہم مسئلے پر بات نہیں کریں گے تو یہ افسوسناک امر ہوگا۔ عوام پر عائد ظالمانہ بوجھ کے خلاف آواز اٹھانا سیاسی جماعتوں اور ذمہ دار شہریوں کی ذمہ داری ہے۔دھرنے میں اساتذہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ روفی گلوبل سٹی کے متاثرین کے وفد نے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر کی قیادت میں شرکت کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

پاکستان انجینئر فورم کراچی چیپٹر کے وفد نے عمران احمد کی قیادت میں دھرنے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی اور دھرنا فنڈ میں 15 لاکھ روپے جمع کرائے۔پریس کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں