اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 15اپریل کو سیشن عدالت طلبی کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو پیش کرنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف اقدام قتل، جعلی رسیدوں اور دیگر مقدمات میں ضمانت کے حوالے سے دائر درخواستوں پر 15اپریل کو سیشن عدالت میں سماعت کے دوران جج افضل مجوکا نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے خصوصی سیکیورٹی مانگ لی۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سیکورٹی کیلئے خط لکھ دیا گیا ہے، خط میں بانی پی ٹی آئی کی سیکورٹی کیلئے اڈیالہ جیل حکام نے خصوصی گارڈز مانگ لیے ہیں۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 15اپریل کو پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی کی اقدام قتل، جعلی رسیدوں و دیگر کیسز میں ضمانتوں کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔