کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے تین نومبر 2022 کو چیئرمین عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی برسی پر وڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین نومبر ایک سیاہ دن ہے جس دن قوم کے عظیم لیڈر عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ قوم کی بات کرتے ہیں، ملک کو خودمختار و باوقار دیکھنا چاہتے ہیں۔ مگر اللہ تعالی کی ذات بڑی ہے، جس نے عمران خان کو اپنی حفاظت میں رکھا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ دراصل اس تاریخی تسلسل کا حصہ تھا جو لیاقت علی خان سے شروع ہوا اور آج تک جاری ہے۔ ایسے حملے ہمیشہ ان رہنماں پر ہوئے جو قوم کے مفاد، سچائی اور انصاف کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر ہونے والا حملہ ریاست اور اداروں کے کردار پر بہت سے سوالات چھوڑ گیا تھا۔ آج بھی قوم یہی سوال دہرا رہی ہے کہ عمران خان پر حملہ کیوں کیا گیا؟ اور اس کے پیچھے اصل کردار کون تھے؟پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ عمران خان کو اس ملک و قوم کی رہنمائی سے کوئی نہیں ہٹا سکتا، وہ کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ جب تک حملہ کرنے والے کردار بے نقاب نہیں ہوتے، آج کا دن قوم کے ضمیر پر سوال بن کر رہے گا۔