نہال ہاشمی 18

عشقِ مصطفیۖ ایمان کی روح اور تکمیل کا ذریعہ ہے، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عشقِ مصطفیٰ ۖ ایمان کی روح اور اس کی تکمیل کا ذریعہ ہے، جس دل میں محبتِ رسول ۖ ہو، وہ کبھی ناکام نہیں ہوسکتا۔

حضور اکرم ۖ نے خواتین کو عزت، مقام اور حقوق عطا فرمائے، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ آج کی خواتین حضرت فاطمہ، حضرت خدیجہ اور حضرت عائشہ کے کردار، اوصاف اور سیرت کا مطالعہ کریں اور ان عظیم ہستیوں کی زندگیوں کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن شیدائیانِ رسول ۖ کی 37ویں سالانہ محفلِ نعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ حضور اکرم ۖ بچوں سے بے پناہ محبت فرماتے تھے اور ان کے ساتھ شفقت و محبت کا مثالی برتاؤ فرماتے تھے۔ آپ ۖ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نعت خواں معاشرے کے عظیم افراد ہیں جو اپنے خوبصورت کلام کے ذریعے عشقِ رسول ۖ اور محبتِ مصطفیٰ ۖ کو عام کرنے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ نعت خوانی کی اس خوبصورت روایت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ اسکولوں میں بھی باقاعدگی سے نعتیہ محافل کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل کے دلوں میں عشقِ رسول ۖ اور اسلامی اقدار کو اجاگر کیا جاسکے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ، محمد رسول اللہ ۖ۔ پاکستان کے قیام اور آزادی کے لیے قائداعظم محمد علی جناح نے انتھک جدوجہد کی۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر کے لیے قائداعظم کے اصولوں اور نقشِ قدم پر چلیں اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد، محبت، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہوئے مل کر پاکستان کو مزید ترقی یافتہ، پْرامن اور خوشحال بنانا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، مستحکم اور بہتر پاکستان کا تحفہ دیا جاسکے۔محفلِ نعت میں معروف نعت خواں صدیق اسماعیل، قاری وحید ظفر قاسمی، خاور نقشبندی، طاہر اشرفی سمیت دیگر علمائے کرام، نعت خواں حضرات اور عقیدت مندوں نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب ۖ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں