عدنان سمیع 12

عدنان سمیع کی بالی ووڈ میں پرانے گانوں کے ریمکس کے بڑھتے رجحان پر تنقید

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)معروف گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع نے بالی ووڈ میں پرانے گانوں کو نئے انداز میں ریمکس کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تنقید کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 55سالہ گلوکار نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میوزک کارپوریٹس نئی اور دلچسپ چیز تخلیق کرنے کے بجائے تجربات کرنے سے خوفزدہ ہیں۔عدنان سمیع کے مطابق یہی رجحان فلم انڈسٹری میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں پرانی فلموں کے ریمیک، سیکوئل، پریکوئل اور اسپن آف بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میوزک کارپوریٹس تجربات کرنے سے خوفزدہ ہیں، یہی صورتحال سینما میں بھی ہے، ریمیک بنائے جارہے ہیں، سیکوئل اور پریکوئل بن رہے ہیں جبکہ اسپن آف بھی کیے جارہے ہیں۔عدنان سمیع نے کہا کہ کوئی میوزک ڈائریکٹر بچپن میں یہ خواب لے کر بڑا نہیں ہوا ہو گا کہ وہ مستقبل میں ریمکس بنائے گا، اس لئے میوزک ڈائریکٹرز کو موردِ الزام نہ ٹھہرائیں بلکہ ان لوگوں کو ذمے دار قرار دیں جو ان سے زبردستی ایسا کرواتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں