حافظ نعیم الرحمن 56

عبد الباسط سومرو کا قتل سندھ میں نظامِ انصاف کے مردہ ہونے کا ثبوت ہے حافظ نعیم الرحمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گلستانِ جوہر بلاک 8مگسی چوک میں مسلح افراد کا جماعت اسلامی کے امیدوار رکن صدیق سومرو کے جواں سال بیٹے اور ناظم حلقہ بھٹائی آباد امین سومرو کے بھتیجے عبد الباسط سومرو کے قتل پران کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر قائم مقام امیرجماعت اسلامی کراچی واپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں ایک بار پھر قتل و غارت گری بڑھ گئی ہے۔ باسط سومرو کا قتل سندھ میں نظامِ انصاف کے قتل کا ثبوت ہے۔سندھ میں اندھا قانون قائم ہے جہاں عام شہری کی جان، عزت اور مال محفوظ نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کی 18 سال سے سندھ میں مسلسل حکمرانی نے عوام کو لاشوں، خوف،بدامنی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آج سندھ میں ظلم، ناانصافی اور لاقانونیت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے جبکہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ کیسا نظام ہے جہاں بااثر افراد جب چاہیں سڑکوں پر غنڈہ گردی کریں، شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنائیں، قتل کریں اور پھر قانون خاموش تماشائی بنا رہے۔ کیا غریب اور عام آدمی صرف مرنے کے لیے رہ گیا ہے؟انہوں نے کہا کہ ام رباب چانڈیو کے والد،بھائی اور چچا،ناظم جوکھیو، امین سومرو اورکاروکاری کے نام پر معصوم بچیوں کا سرعام قتل ثابت کرتا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے والے بااثر افراد کس طرح کے جرائم میں ملوث ہیں اور حکومتی سرپرستی کی وجہ سے آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج قوم ظلم کے اس نظام کے خلاف نہ اٹھی تو حالات اس سے خراب تر ہوسکتے ہیں۔

وقت آ گیا ہے کہ کراچی اور سندھ کے عوام ظلم، بدمعاشی اور نااہلی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے قانون نافذ کرنے والوں سے مطالبہ کیا کہ باسط سومرو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے، ورنہ عوام کا قانون اور ریاست پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

دریں اثناء امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ سٹی کونسل میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر مبشر حافظ الحق کے بڑے بھائی و سابق یوسی چیئر مین اظہار الحق کے انتقال پر گھر جاکر ملاقات کی اورمرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ملاقات میں امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں