ضیا الحسن لنجار 21

ضیا لنجار کی سمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی کیماڑی اور ان کی ٹیم کو شاباش

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ممنوع اور مضر صحت اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی کیماڑی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔جاری بیان میں وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں اسمگلنگ کے انسداد کے لیے پولیس کارروائیوں کو مزید تیز اور موثربنایا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ مخابر نیٹ ورک کو وسعت دے کر اسے مزید فعال بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاضلاعی روابط کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ وزیر داخلہ سندھ کے مطابق جرائم کے خلاف پولیس کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش ہے، تاہم اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ماڑی پور پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چھالیہ برآمد کر لی۔

ضبط کی گئی چھالیہ کا مجموعی وزن 41 من بتایا گیا ہے، جسے غیر قانونی طریقے سے اسمگل کیا جا رہا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ چھالیہ کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں