کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے صومالیہ میں بحری جہاز آنر 25 پر قزاقوں کے حملے کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان کی شہادت پر اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پانچ ماہ سے صومالیہ میں قید پاکستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کیلئے حکومت کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ اٹھانا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ مغوی شہریوں کے اہلخانہ مسلسل احتجاج کرتے رہے، تاہم حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گزشتہ پانچ ماہ کے دوران مغوی پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کیلئے کیے گئے اقدامات سے قوم کو آگاہ کرے۔
شہید پاکستانیوں کی میتیں فوری وطن واپس لائی جائیں، زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ شہید شہریوں کے اہلخانہ کو فوری معلومات اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو پانچ ماہ تک قید رکھنے کے معاملے میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔









