ضیا الحسن لنجار 11

صوبائی وزیر داخلہ کی رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی مذمت، شہدا کو خراجِ عقیدت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے پاکستان رینجرز (سندھ)کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ شہدا نے دہشت گردوں کا جوانمردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید رینجرز اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک بڑے سانحے اور ممکنہ تباہی کو روکا، جس پر سندھ حکومت اور سندھ کے عوام انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے محافظوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان کی عظمت اور ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ضیا لنجار نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور اس واقعے کے سہولت کاروں سمیت ماسٹر مائنڈ کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے تمام پہلوں کا جائزہ لے کر ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے بزدلانہ حملے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے بلکہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم ہمیشہ ناکام بنائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں