امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری 13

صوبائی بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس اور آئی ایم ایف کی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پنجاب حکومت کے مالی سال 2026ـ27 کے بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس اور آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، حکومت نے بجٹ کو ٹیکس فری قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے دوچار عوام کو کسی قسم کا حقیقی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 85 ارب 20 کروڑ روپے کی کمی کر دی ہے، جبکہ صحت کے شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک کھرب 3 ارب 90 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے جو مجموعی طور پر 58 فیصد بنتی ہے۔ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں کے ترقیاتی فنڈز میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی ترجیحات عوامی فلاح و بہبود نہیں بلکہ محض اعدادوشمار کی خوبصورت نمائش ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 7 فیصد اور پنشن میں محض 3.5 فیصد اضافہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے انتہائی ناکافی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس، ادویات اور تعلیمی اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، ایسے میں یہ معمولی اضافہ ملازمین اور پنشنرز کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 5903 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم کے لیے 750 ارب، صحت کے لیے 500 ارب اور مقامی حکومتوں کے لیے 804 ارب روپے مختص کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، مگر دوسری جانب ترقیاتی اخراجات میں نمایاں کمی کر کے عوامی ترقی کے منصوبوں کو متاثر کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقے کی مراعات کا لامتناہی سلسلہ بدستور جاری ہے، اربوں روپے کے نئے جہاز خریدے جا رہے ہیں جبکہ عام آدمی سے باعزت زندگی گزارنے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت نے پرانے اعدادوشمار کو نئے انداز میں پیش کرکے عوام کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں فوری طور پر مزید وسائل مختص کیے جائیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور حکمران اشرافیہ کی غیر ضروری مراعات ختم کر کے قومی وسائل عوام کی فلاح پر خرچ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں