شہباز شریف 120

صوبائی، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، وزیراعظم کا اظہارِ مذمت

صوابی (رپورٹنگ آن لائن)خیبرپختونخواہ کے شہر صوابی کے تھانہ آئی ڈی ایس کی حدود میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 پولیس اہل کار شہید ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو ہوٹل میں کھانا کھاتے وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جمال الدین اور ڈرائیور زاہد کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ہیں، تفتیش کا آغاز کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت اور شہادت پرگہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔شہباز شریف نے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات حکم دے دیا ہے، انھوں نے فائرنگ میں ملوث ذمہ داران کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پولیس کے افسران و جوان دہشتگردی کی جنگ میں وطن عزیز کو اس ناسورسے پاک کرنے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، انہیں اور پوری قوم کو پولیس کے افسران اور جوانوں پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں