اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف اور ازبکستان کے برادر عوام کو ان کے 35 ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی ہے۔
منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافتی ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ ویژن پر قائم ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری سیاسی، اقتصادی، تجارتی، مواصلاتی، دفاعی اور عوام کے باہمی تعلقات کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے رواں سال فروری میں صدر مرزیوف کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئی تحریک دینے کا موجب قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ہونے والے نتیجہ خیز مذاکرات اور طے پانے والی تفہیم دونوں جانب کی اس مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتی ہے جس سے اس دوستی کے ثمرات کو اپنے عوام کے لیے ٹھوس فوائد میں بدلا جاسکے۔ صدر مملکت نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان اپنی مشترکہ کاوش سے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے، علاقائی مواصلات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیں گے اور امن و خوشحالی کی امنگوں کے حصول کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔









