شرجیل انعام میمن 74

صدر زرداری کا دورہ پاک-چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ پاک-چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے، صدر آصف علی زرداری کی چینی قیادت سے ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تجارتی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دیں گی۔

ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چینی قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور علاقائی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی، جو پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، صدر آصف علی زرداری کے دورے سے نہ صرف اقتصادی روابط مزید مستحکم ہوں گے بلکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے بھی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا یہ سفر آئندہ برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا ، دونوں ممالک مشترکہ ترقی کے نئے اہداف حاصل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں