اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیپال کی حکومت اور عوام کو نیپال کے قومی دن اور یوم دستور کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نیپال کے صدر رام چندر پاوڈل کے نام اپنے خط میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی پر مبنی دیرینہ اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں سے مزید تقویت ملتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اوراس کے ساتھ دوطرفہ، سارک اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان دوستانہ تعلقات دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی مفاد میں آئندہ برسوں میں مزید گہرے اور وسعت پذیر رہیں گے۔









