اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں آئل ٹینکر کے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں قیمتی انسانی جا نیں ضائع اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں صدرمملکت نے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے غم کی اس گھڑی میں پاکستان کی جانب سے برادر ملک مصر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قاہرہ میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے صدر عبدالفتاح السیسی، متاثرہ خاندانوں اور برادر ملک مصر کے عوام سے اس سانحے پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں،ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعاگو ہیں، پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں مصر کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔








