کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات ہمیں زمین کے تحفظ اور پائیدار مستقبل کے لیے عملی اقدامات کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔سید نہال ہاشمی نے عوام پر زور دیا کہ درخت لگانے، پانی کے محتاط استعمال اور توانائی کی بچت جیسی ماحول دوست سرگرمیوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو قومی ذمہ داری سمجھ کر اپنانے اور پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی شعور، صفائی مہمات اور سبز سرگرمیوں میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں گرین انیشیٹوز اور شجرکاری مہم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ صاف ستھرا، سرسبز اور ماحول دوست سندھ کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔









