شیری رحمان 149

شیری رحمان کا کم عمری کی شادی کے خلاف تاریخی قانون سازی پر بلوچستان حکومت کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کم عمری کی شادی کے خلاف تاریخی قانون سازی پر بلوچستان حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی صحت، علاج، آگاہی اور غذائیت کی سہولتیں بہتر بنانے پر زور دینا ہوگا۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ بلوچستان میں چائلڈ میرج کے خلاف نیا قانون بڑی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اہم معاملے پر قانون سازی کرنے کیلیے حکومتِ بلوچستان اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان کی شکر گزار ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بھی کم عمری کی شادی کے خلاف قانون بنانے کی درخواست کرتی ہوں، چائلڈ میرج ختم کرنا بچیوں کی بہتر زندگی کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کی صحت، علاج، آگاہی اور غذائیت کی سہولتیں بہتر بنانے پر زور دینا ہوگا۔ شیری رحمن نے کہاکہ پاکستان میں بچوں کی اموات اور غذائی کمی پر گہری تشویش ہے۔

انہوںنے کہاکہ کم عمری کی شادی نہ صرف ماؤں کیلئے جان لیوا ہے بلکہ کمزور بچوں کی پیدائش کی بھی بڑی وجہ ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ بچوں پیدائش کے دوران ہر 50 منٹ بعد ایک عورت جان کھو دیتی ہے، 18 سال سے کم عمر کو بالغ نہیں سمجھا جاتا تو شادی کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ قائداعظم نے بھی اپنے خطاب میں کم عمری کی شادی کو لڑکیوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانا ہی پاکستان کی مضبوطی کا راستہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں