لاہور ہائی کورٹ 41

شہری کوہراساں کرنے کا کیس ، ڈی پی اوشیخوپورہ لاہور ہائیکورٹ طلب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے شہری کو ہراساں کئے جانے کے کیس میں ڈی پی او شیخوپورہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدم پیشی کی صورت میں توہین عدالت کی کارروائی کی وارننگ دیدی گئی ۔جسٹس تنویر احمد شیخ نے شہری محمد شاہد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے ایک چھوٹا تھانیدار اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ملک عمر طاہر کے ہمراہ پیش ہوا۔عدالت نے استفسار کیا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو طلب کیا گیا تھا، وہ کہاں ہیں؟۔ جس پر تھانیدار نے جواب دیا کہ ایس ایچ او کی طبیعت خراب ہے اور وہ پیش نہیں ہو سکے۔

متعلقہ ایس ایچ او کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس تنویر احمد شیخ نے صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کل ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، بصورتِ دیگر ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔عدالت نے سماعت 27نومبر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں