پاکستان 47

شہادت ہماری آرزو، اپنے دین اور وطن پر قربان ہونا اعزاز سمجھتے ہیں،حافظ طاہر محموداشرفی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان علما کونسل و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ہم اپنے دین اور وطن پر قربان ہونا اعزاز سمجھتے ہیں،حدیث پڑھانے والے مولانا ادریس کو گزشتہ ہفتے کیوں شہید کیا گیا،ان کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ قرآن و سنت،امن اور پاکستان کی بات کرتے تھے،

اگر یہ جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے کیونکہ شہادت ہماری آرزو ہے اور ہم اس سے گھبراتے نہیں،یہ صرف زبانی باتیں نہیں بلکہ محراب و ممبر کی بڑی ذمہ داری ہے،ہم گونگے بن کر نہیں بیٹھ سکتے کہ بے گناہ مسلمان، بچے اور خواتین شہید ہوتے رہیں اور ہم مصلحت کی بات کرتے رہیں،ہم نے افغانستان کے لیے بہت کچھ کیا لیکن ہمیں ہمیشہ وہاں سے لاشیں ہی ملیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون لاہور میں حج سے متعلق ہدایات کے حوالے سے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کو پاکستان پر حملہ قرار دیتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے،دشمن بزدل ہے،اسی لیے افغانستان میں لوگوں کو پیسے دےکر پاکستان میں بے گناہوں کو قتل کروایا جاتا ہے اور یہ بات ہمیں معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن صرف معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا سکتا ہے جبکہ وہ فوج کا مقابلہ کرنے سے ڈرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں جب بری فوج نے پیش قدمی کی تو دشمن کی چوکیوں پر سفید جھنڈے لہرا دیے گئے تھے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے تیسری عالمی جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان بہترین روابط قائم ہیں اور اس میں بھی پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جن لوگوں نے استطاعت کے باوجود حج ادا نہیں کیاوہ اسی لمحے نیت کریں کیونکہ حج نہ کرنے پر سخت وعید آئی ہے،جو لوگ استطاعت رکھنے کے باوجود حج ادا نہیں کرتےانہیں ناشکرا قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے عازمینِ حج کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔انہوں نے عازمینِ حج کو ہدایت کی کہ وہ سعودی حکومت کے قوانین پر مکمل عمل کریں،توجہ اور انہماک کے ساتھ مناسکِ حج ادا کریں،آپس میں فرقہ وارانہ بحث و مباحثے سے گریز کریں اور عبادات میں زیادہ وقت گزاریں کیونکہ وہاں عبادات کا ثواب زیادہ ہے،سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام احکامات پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے گزشتہ سال بھی حج کے بہترین انتظامات کیے تھے اور امید ہے کہ اس سال بھی بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حج صبر، استقامت اور قربانی کا نام ہے،اس لیے نوجوان بزرگوں کا احترام کریں اور بسوں میں پہلے انہیں بیٹھنے دیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت حج کرنا جائز نہیں،اس سے نہ صرف ملک کی بدنامی ہوتی ہے بلکہ اپنی فیملی کے لیے بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ کوئی ایسا عمل نہ کریں جو ان کے لیے مشکلات یا ملک کے لیے بدنامی کا باعث بنے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان ان ممالک میں شامل تھا جنہیں بہترین حج انتظامات پر ایوارڈ دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں