جگن کاظم 12

شدید گرمی میں بے زبان جانوروں کا خیال رکھا جائے ‘ جگن کاظم کی اپیل

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے ملک میں جاری شدید گرمی کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے پالتو بلکہ آوارہ جانوروں کا بھی خاص خیال رکھیں اور انہیں پانی، سایہ اور آرام کی مناسب جگہ فراہم کریں۔

جگن کاظم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ شدید گرمی سے نڈھال اپنے پالتو کتے کو گیلے کپڑے کی مدد سے ٹھنڈک پہنچاتی نظر آئیں۔اس موقع پر انہوں نے جانوروں کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کے نام ایک خصوصی پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جیسے آپ اپنی دیکھ بھال کرتے ہیں، پانی پیتے ہیں اور سایہ دار جگہ پر بیٹھتے ہیں، اسی طرح ان جانوروں کا بھی خیال رکھیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ذمہ داری صرف گھروں میں موجود پالتو جانوروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ سڑکوں پر گھومنے والے آوارہ جانور بھی توجہ کے مستحق ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں کے باہر پانی سے بھرا ایک برتن لازمی رکھیں تاکہ پیاسے جانور اپنی پیاس بجھا سکیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے پالتو جانوروں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ شدید گرمی کے دوران اپنے جانوروں کو ہوادار یا ایئرکنڈیشنڈ جگہوں پر رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں