حیدرآباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کوئٹہ میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دہشتگرد بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی انسانیت دشمنی ہے اور یہ عمل دہشتگردوں کی بربریت اور سفاک ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ دہشتگرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم ریاست اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے جبکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ایسے بزدلانہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔









