طلال چودھری 11

سیاسی جماعتیں ذمے داری محسوس کریں، مذاکرات کے حامی رہے ہیں،طلال چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمے داری محسوس کرنی چاہیے اور اچھے کی امید رکھنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی حامی رہی ہے تاہم پی ٹی آئی خود ہی یک طرفہ طور پر مذاکرات سے الگ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عوامی سطح پر اور پارلیمان میں ہر جگہ مذاکرات کی بات کی ہے، پارلیمان میں سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے دوران حکومت کو کبھی انا یا ضد نہیں رہی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کہا ہے کہ معاملات پارلیمان میں آ کر حل کیے جائیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی سیاسی اور امن و امان کی صورتِحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے وفود کی ملاقات کے حوالے سے بھی امور زیرِ بحث آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں