سردار ایاز صادق 19

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ 2026-27کی صدارت سنبھالنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی کامیابی اور پوری قوم کے لئے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کا خطے کی اہم تنظیم شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنا اور لاہور کو 2026-27کے لئے ایس سی او کا سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت قرار دیا جانا عالمی برادری کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی کامیابیاں پاکستان کے سفارتی میدان میں ابھرتے ہوئے تشخص اور عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی دلیل ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور فعال سفارتکاری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت اور متحرک سفارتی کاوشوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مقام اور وقار کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مشترکہ سفارتی و تزویراتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کی جانب سے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ سیکرٹریٹ کے پہلے سیکرٹری جنرل کے طور پر پاکستان سے تین سالہ مدت کے لئے تقرری کا فیصلہ عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلم ممالک کے درمیان اجتماعی دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے پاکستان کے مؤثر اور تعمیری کردار کا اعتراف بھی ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی ایس سی او صدارت کا موضوع ’’وژن کو عملی جامہ پہنانا، روابط کا فروغ، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ رکن ممالک کے درمیان مشترکہ امنگوں کو عملی تعاون میں ڈھالنے کے پاکستان کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی صدارت پاکستان کو علاقائی تعاون، امن، رابطہ سازی، جدت اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ 2027میں اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ سربراہی اجلاس پاکستان کی مہمان نوازی، سفارتی صلاحیتوں اور علاقائی امن، رابطہ سازی اور پائیدار ترقی کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا ایک تاریخی موقع فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں