کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین نثاراحمدکھوڑو نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو سوشل میڈیا پر اسپیکر سندھ اسمبلی کے خلاف تنقیدی مہم چلانے اور بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں اختلافات اور دھڑے بندی کا تاثر درست نہیں۔
اپنے بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ 12 مئی کے حوالے سے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف پیش کرنا چاہتے تھے، تاہم اس معاملے کو بعض حلقوں کی جانب سے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی سے اختلافات اور پارٹی کے اندر گروپ بندی سے متعلق تاثر حقیقت پر مبنی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک منظم سیاسی جماعت ہے، جہاں تمام رہنما اور کارکن پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔ کسی بھی منصب پر فائز پارٹی رہنما کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانا یا نامناسب بیان بازی کرنا پارٹی نظم و ضبط کے خلاف ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کے عوامی اور سیاسی مسائل پر پارٹی کا موقف پیش کرنا اور پارٹی کا دفاع کرنا ان کی ذمہ داری ہے، جو وہ ہر فورم پر ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت جس رہنما کو جس منصب پر فائز کرتی ہے، اس کا احترام کرنا تمام کارکنان اور عہدیداران پر لازم ہے۔
پارٹی کے اندر اختلاف رائے کا حل تنظیمی فورمز پر موجود ہے، اس لیے سوشل میڈیا کو تنقید یا تنازعات کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے تمام عہدیداران اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور پارٹی کی جانب سے کسی بھی آئینی یا تنظیمی منصب پر فائز رہنما کے خلاف سوشل میڈیا پر مذمت یا بیان بازی سے مکمل اجتناب کریں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اتحاد، نظم و ضبط اور قیادت کے فیصلوں کا احترام ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی قوت اور جمہوری روایت کا بنیادی حصہ ہے۔









