اویس قادر شاہ 16

سپیکر سندھ اسمبلی کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تینوں برادر اسلامی ممالک کے مشترکہ دفاع، امن اور سلامتی کے عزم کا مظہر قرار دیا ہے۔

سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ معاہدہ باہمی تعاون، یکجہتی اور مشترکہ دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔اس تاریخی معاہدے کے موقع پر سندھ اسمبلی کی عمارت کو خصوصی طور پر سجایا اور خوبصورت روشنیوں سے منور کیا گیا، جبکہ تینوں برادر ممالک سے اظہار یکجہتی اور معاہدے کے خیرمقدم کے لیے سندھ اسمبلی کی عمارت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم بھی نصب کیے گئے۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور تینوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی مضبوط روایت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے اور اس سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی اعتماد اور سلامتی کے شعبے میں روابط مزید مستحکم ہوں گے۔

سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی عمارت کو تینوں برادر ممالک کے پرچموں اور خصوصی لائٹنگ سے سجانا اس تاریخی موقع پر پاکستان کی جانب سے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے اظہار کی علامت ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون کا یہ نیا باب تینوں ممالک کے عوام کے لیے امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں