سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے وفاقی ملازمین کی بھرتیوں اور ترقیوں سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ 20 ماہ کے بعد سنادیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ میں پیپلز پارٹی دور کے وفاقی ملازمین کی بھرتیوں اور ترقیوں سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ 20 ماہ کے بعد سنانے پر وکیل طارق اسد کا عدالت سے احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے کلائنٹ فیصلے کے انتظار میں مر گئے اور فیصلہ آج سنایا جا رہا ہے ۔

سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے دور میں وفاقی ملازمین کی بھرتیوں ،ترقیوں سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا،فیصلہ جسٹس قاضی محمد امین نے پڑھ کر سنایا۔عدالت نے کیس میں مختلف ابزرویشن کے ساتھ تمام درخواستیں نمٹا دیں۔وکیل طارق اسد نے عدالت میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اج یہ فیصلہ 20 ماہ کے بعد سنایا ہے،عدالت کا یوں تاخیر سے فیصلہ سنانا بہت افسوس کی بات ہے، عدالتی نظام اس حد تک گر گیا ہے۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ آپ تقریر کہیں اور جا کر کریں جس پر وکیل طارق اسد بولے تقریر نہیں حقیقت بیان کر رہا ہوں، 20 ماہ میں میرے کلائینٹس فیصلے کا انتظار کرتے ہوئے مر گئے،عورتیں بیوہ ہو گئیں کسی کو پرواہ نہیں،جسٹس قاضی محمد امین نے کہاکہ آپ ڈائس چھوڑ دیں وکیل طارق اسد نے کہا میں بہت کچھ کہنا چاہتا ہوں تاہم احترام کے باعث جا رہا ہوں جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا آپ کچھ نہیں کر سکتے۔