سوڈان

سوڈان میں فوج نے حکومت کاتختہ الٹ دیا، وزیراعظم اور متعدد وزرا گرفتار

خرطوم(رپورٹنگ آن لائن) سوڈان میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا جب کہ وزیراعظم اور وزرا سمیت متعدد سیاست دانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دارالحکومت خرطوم میں فوج کی بھاری نفری تعینات ہے اور سرکاری ٹی وی پر قومی ترانے نشر کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم کی اپیل پر جمہوری کارکنوں نے بغاوت کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ دارالحکومت خرطوم میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے، مشتعل لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلائے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج نے رات گئے افریقی ملک سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ ہمدوک کی حکومت کے خلاف بغاوت کردی۔ ملک میں انٹرنیٹ اور فون سروس منقطع کر دی گئی ہے جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود رکھنے کے لیے شہر میں فوجی دستے تعینات کر دیے گئے۔ خرطوم ایئرپورٹ کو بھی بند اور پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔ دارالحکومت خرطوم میں فوج کی بھاری نفری تعینات ہے اور سرکاری ٹی وی پر قومی ترانے نشر کیے جا رہے ہیں۔

گرفتار شخصیات میں وزیر امور کابینہ خالد عمر یوسف، وزیراعظم کے مشیر برائے ذرائع ابلاغ فیصل محمد صالح اور وزیر صنعت ابراہیم الشیخ، 3 سیاسی جماعتوں سوڈانی کانگریس پارٹی، البعث العربی پارٹی اور یونینسٹ ایسوسی ایشن کے عہدے داران بھی شامل ہیں۔وزیراعظم عبداللہ ہمدوک نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عوام سے بغاوت کے خلاف پرامن مظاہرے کرنے کی اپیل کی اورکہاکہ فوج نے انھیں گھر میں نظربند کرکے فوجی بغاوت کے حق میں بیان دینے کے لیے دبا ئوڈالا لیکن جب انہوں نے انکار کیا تو انھیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔وزیراعظم کی اپیل پر جمہوری کارکنوں نے بغاوت کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

دارالحکومت خرطوم میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے، مشتعل لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلائے۔سوڈانی وزارتِ اطلاعات کے مطابق فوج کے اہلکاروں نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو سٹیشن کی عمارتوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے اور وہاں سے متعدد ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ادھراامریکی نمائندے جیفری فیلٹمین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سوڈان میں فوجی بغاوت کی خبریں پریشان کن ہیں۔ فوج کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہو گی اور اس اقدام سے ملک کے لیے امریکی امداد خطرے میں پڑ جائے گی۔