سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے جوس تیار کرنے والی نجی کمپنی کو سیل کرنے کیخلاف درخواست پر ایف بی آر سے 26 مئی کو تفصیلات طلب کرلی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے جوس تیار کرنے والی نجی کمپنی کو سیل کرنے کیخلاف درخواست پر ایف بی آر سے 26 مئی کو تفصیلات طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ میں جوس تیار کرنے والی نجی کمپنی کو سیل کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں درخواست گزار کے وکیل اور ایف بی آر حکام پیش ہوئے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہماری فیکٹری کو سیل کیا پھر اسے ڈی سیل کردیا۔ ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس کی طرف کارروائی میں ہمارے سینکٹروں پراڈکٹ پیس اٹھا کر لے گئے۔ فیکٹری سیل کرنے سے لاکھوں کا سامان خراب ہو گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ فیکٹری کیوں سیل کی اور کس قانون کے تحت سیل کرنے کی کارروائی کی۔ ایف بی آر حکام نے کہا کہ ہمیں پتا چلا کہ یہ غیر رجسٹرڈ پراڈکٹ بنا رہے ہیں۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہمارا موقف سنے بغیر کارروائی نہیں ہو سکتی۔ جب کورٹ کا نوٹس موصول ہوا تو فیکٹری ڈی سیل کردی۔ میڈیا میں ایف بی آر کارروائی کی رپورٹس بھی چلوائی گئیں۔ میڈیا رپورٹ سے میرے موکل کو نقصان پہنچا۔ ایف بی آر حکام نے کہا کہ ہم نے صرف ایک پورشن سیل کیا۔ عدالت نے ایف بی آر سے 26 مئی کو تفصیلات طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفصیل سے رپورٹ پیش کریں کس قانون کے تحت فیکڑی کو سیل اور ڈی سیل کیا گیا۔ عدالت نے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔