کراچی (رپورٹنگ آن لائن )ایم ڈی کیٹ سال 2024 کا پیپر لیک ہونے کے معاملے پر طلبہ اور ینگ ڈاکٹر نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے۔طلبہ کے حق میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر محبوب نوناری بھی عدالت پہنچ گئے،انہوں نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر وقت سے پہلے لیک ہوگیا اور اسے لاکھوں روپے میں فروخت کیا گیا۔
درخواست گزاروں نے درخواست میں کہا ہے کہ سندھ کے ہونہار طلبہ کے ساتھ ایک مرتبہ پھر نا انصافی ہو رہی ہے، پرچہ لیک ہونے سے میرٹ کا قتل کیا گیا ہے، عدالت ایم ڈی کیٹ پرچہ لیک ہونے پر انکوائری کا حکم دے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پرچہ لیک کرنے میں ملوث ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے، جب تک انکوائری نہیں ہوتی تب تک ڈا میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کیا جائے اور انکوائری مکمل ہونے تک نتائج کو بھی روکا جائے۔بعدازاں عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔