کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے سیکٹر 41 اے کشتی روڈ کورنگی 2 نمبر پر تجاوزات کیخلاف درخواست پر وقت ضائع کرنے اور بے بنیاد عدالتی چارہ جوئی پر درخواستگزار پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ نے سیکٹر 41 اے کشتی روڈ کورنگی 2 نمبر پر تجاوزات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار رضوان قریشی کی درخواست پر عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے سے رپورٹ طلب کی تھی۔ کے ڈی اے رپورٹ میں کہا گیا کہ سو فٹ روڈ پر تجاوزات قائم ہیں لیکن یہاں پارک نہیں۔ یہاں پارک موجود رہا ہے ہم اسکی تصاویر پیش کر رہے ہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنی جیب سے نجانے کیا کیا نکال رہے ہیں لیکن ہمارے پاس آفشل لے آٹ پلان موجود ہے۔
کے ڈی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ سڑک پر قبضے کیلیے پہلے اسے پارک کی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کچھ سیاسی قوتیں اس زمین پر قبضہ چاہتی ہیں، ان کے باہر دفاتر قائم ہیں، عدالت میں تصاویر پیش کی گئیں۔ کے ڈی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ یہ درخواست پہلے عدم پیروی پر خارج بھی ہوچکی ہے، اسے دوبارہ بحال کرایا گیا ہے۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ ہم وہ طریقہ استعمال کرینگے کہ دوبارہ عدالت کا وقت ضائع کرنے کی کوشش نہیں کی جائیگی۔ عدالت نے وقت ضائع کرنے اور بے بنیاد عدالتی چارہ جوئی پر درخواستگزار پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ گرین بیلٹ کے اوپر تعمیرات کی جا رہی ہے۔ میرے گھر کے سامنے یہ غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہے۔ مجھ پر بھتہ لینے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔