شرجیل انعام میمن 19

سندھ میں 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی سمری کابینہ کو ارسال

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی سمری سندھ کابینہ کو ارسال کردی ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے اور اس کی ترجیح ہے کہ جدید سفری سہولت صرف کراچی تک محدود نہ رہے۔ پیپلز بس سروس کے دائرہ کار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ نئے روٹس کا مقصد شہریوں کو سستی اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 50 ڈبل ڈیکر بسیں 30 نومبر تک سندھ پہنچ جائیں گی، جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد سے مسافروں کو اضافی سفری گنجائش میسر آئے گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قمبر شہدادکوٹ میں پیپلز بس سروس کے آغاز کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، قمبر، شہدادکوٹ اور دیگر علاقوں کے شہری جدید بس سروس کو سراہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں اہم اضافہ ہوگا، نئی بسیں شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں