عطا اللہ تارڑ

سرحد پار کسی ٹارگٹ کو نشانہ نہیں بنایا، بھارت سکھوں، کشمیریوں کی ہمدردی چاہتا ہے،عطا تارڑ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سرحد پار کسی ٹارگٹ کو نشانہ نہیں بنایا، بھارت جھوٹی خبریں چلا کر سکھوں اور کشمیریوں کی ہمدردی لینا چاہتا ہے۔نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیرعطاتارڑنے کہاکہ ہم سکھوں کو کیوں نشانہ بنائیں گے؟

ہم نے بڑی مہارت سے بھارت کے طیارے، ڈرونز گرائے۔عطا تارڑ نے کہاکہ جوابی کارروائی ہو گی اور بھرپور ہو گی، کارروائی کب ہوگی انڈیا کو اس کا انتظار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم نے نہ صرف بھارت کے طیارے گرائے بلکہ ان کا غرور بھی خاک میں ملایا، بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ہم نے بھارت کے 40سے 50فوجی ہلاک کیے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی فوجی سفید جھنڈا لہرا رہے ہیں، سفید جھنڈا لہرانا بھارت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، بھارت کی ایئرفورس ناکام ہوچکی۔

عطا تارڑ نے کہاکہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، عالمی برادری صورتحال دیکھ رہی ہے، پاکستان کا کیس مضبوط ہے، بھارت کی خواہش تھی پہلگام واقعہ کے بعد دوسرے ممالک کا پاکستان پر دباؤ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹے ہیرو بنانے میں نمبر ون ہے، پاکستان کا کوئی فوجی، پائلٹ بھارت کے پاس نہیں، ہماری آرمڈ فورسز ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان نے معاشی اصلاحات کیں، پی ایس ایل پر ابھی مشاورت جاری ہے۔