نثار کھوڑو 10

ریفرنڈم کا مطالبہ بند ہونا چاہیے، اس کی آئینی حیثیت نہیں، نثار کھوڑو

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرکے اپنا فیصلہ دے چکی ہے، سندھ کو نیا صوبہ نہیں چاہیے، اس لیے ریفرنڈم کا مطالبہ بند ہونا چاہیے کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے اور ریفرنڈم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ حکومت نے نئی نہروں کے منصوبوں کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے آئینی فورم سے مسترد کرایا ہے، سندھ کے پانی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوٹری بیراج سے نیچے کم از کم 10 ملین ایکڑ فٹ پانی لازمی چھوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں کی 30 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی سمندر برد ہوچکی ہے، جبکہ کوٹری بیراج سے نیچے پانی چھوڑنے سے سمندر کو مزید آگے بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔نثار کھوڑو نے الزام لگایا کہ سندھ پر پانی ضائع کرنے کا الزام عائد کرکے صوبے کو بنجر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی بات کرنے والے پہلے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرائیں۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے دعویٰ کیا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام مسلسل اپنی مدت پوری کررہا ہے، جبکہ پنجاب اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی نظام موجود نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں