کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سماجی کارکن ام رباب چانڈیو کے کزن ریاض علی چانڈیو کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو سندھ میں امن و امان اور قانون کی حکمرانی پر ایک سنگین سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ریاض علی چانڈیو کا قتل نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے، جس نے صوبے میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق حکومتی دعوؤں کی حقیقت آشکار کر دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے شفاف، غیرجانبدارانہ اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کی مسلسل وارداتوں نے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جبکہ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گواہوں، متاثرہ خاندانوں اور انصاف کے لیے آواز بلند کرنے والے افراد کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہیے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ریاض علی چانڈیو کے قتل میں ملوث عناصر کو بلاامتیاز قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ ہرگز قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر عوام کے نظامِ انصاف پر اعتماد کو مزید مجروح کرے گی۔انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال تشویشناک ہے اور حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جاگیردارانہ نظام نے انصاف کا قتلِ عام کر رکھا ہے اور مظلوم عوام کو انصاف کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ سندھ کی بیٹی ام رباب چانڈیو کئی برسوں سے انصاف کے حصول کے لیے ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہی ہیں اور ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف سندھ ام رباب چانڈیو کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی اس جدوجہد میں ہر ممکن اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔حلیم عادل شیخ نے مقتول ریاض علی چانڈیو کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔









